سرکاری ریسٹ ہاؤس چھاچھرو سے 50 لاکھ روپے سے زائد سامان چوری، ایک ملزم گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)ضلع تھرپارکر کے پی ایس چھاچھرو میں واقع سرکاری ریسٹ ہاؤس سے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سرکاری سامان چوری ہونے کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر چھاچھرو محمد عثمان خاصخیلی، مختیارکار چھاچھرو سالم سمیجو اور بلڈنگ ڈپارٹمنٹ کے سب انجینئر شاہد ملک پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی جس نے ریسٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ریسٹ ہاؤس سے قیمتی سرکاری سامان غائب ہے، جس میں ہیوی پاور جنریٹر، 5 ائیر کنڈیشنرز، 16 سولر پلیٹس اور سولر سسٹم، 2 فریج، 2 الماریاں، 6 صوفہ سیٹس اور دیگر سامان شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری سامان کی مبینہ طور پر غیر قانونی فروخت کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ بعض افسران کے اس معاملے سے پیشگی آگاہ ہونے کی دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس کے مطابق چوری شدہ سامان کی خریداری میں ملوث ایک ملزم محمد ادریس ولد اسحاق نہڑی، ساکن چھاچھرو سٹی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button