مانٻائی جو تڑ اسکول کی خستہ حال عمارت،سیکڑوں بچے تعلیم سے محروم

تھرپارکر(رپورٹ : میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تعلقہ چھاچھرو کے گاؤں مانٻائی جو تڑ میں قائم گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول عمر سمیجو پاڑا کی عمارت انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث علاقے کے سینکڑوں بچے بنیادی تعلیم کے حق سے محروم ہو رہے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق اسکول کی دیواروں میں بڑے بڑے شگاف پڑ چکے ہیں، جبکہ بارش کے موسم میں کلاس رومز میں پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بچے فرش پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں، جبکہ مناسب تعلیمی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کئی بچے اسکول جانے سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسکول کی خستہ حال عمارت معصوم بچوں کے مستقبل کے لیے خطرہ بن چکی ہے اور ان کی ابتدائی تعلیم کا اہم دور ضائع ہو رہا ہے۔ اہلِ علاقہ نے وزیر تعلیم سندھ، ٹی ای او پرائمری چھاچھرو، ڈی ای او تھرپارکر اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی عمارت کی فوری مرمت یا ازسرِ نو تعمیر کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ بچوں کو بہتر اور محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔



