تھرپارکر میں ترقی کا ایک اور سنگِ میل، رانا ہمیر سنگھ سوڈھا نے 7.5 کلومیٹر بلیک ٹاپ سڑک کا افتتاح کر دیا

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ سندھ اسمبلی اور رانا آف ڈھاٹ، نے مٹھی کے قریب 7.5 کلومیٹر طویل بلیک ٹاپ سڑک کا افتتاح کر دیا، جسے تھرپارکر کی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں اور چیئرمین کے ترقیاتی وژن کے تحت تعمیر کی جانے والی اس سڑک میں دو اہم روڈ لنکس شامل ہیں۔ ان میں اسلام کوٹ تا مٹھی مین روڈ (پوائنٹ برانچ ٹو کامرہو) 3.75 کلومیٹر جبکہ مئو اکھیراج پوائنٹ براستہ کاکراڑیو لنک ٹو کامرہو روڈ بھی 3.75 کلومیٹر طویل ہے۔ افتتاحی تقریب میں علاقائی معززین، ہاکم سنگھ اور سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منگل سنگھ سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی اور رانا ہمیر سنگھ سوڈھا کا شاندار اور روایتی استقبال کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نئی سڑک کی تعمیر سے دیہی علاقوں کے عوام کو مٹھی اور اسلام کوٹ تک آمدورفت میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ اس منصوبے سے مقامی تجارت کو فروغ ملے گا جبکہ خواتین، بچوں اور مریضوں کی اسپتالوں اور تعلیمی اداروں تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ہمیر سنگھ سوڈھا نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور وزیراعلیٰ سندھ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تھر کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو ترقی کی مرکزی دھارے میں لانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



