لاہور میں 32 ویں ٹیکسٹائل ایشیا نمائش کا آغاز، 2 ہزار سے زائد عالمی برانڈز اور 425 کمپنیاں شریک


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ایکسپو سینٹر میں 32 ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل نمائش کا شاندار آغاز ہو گیا، جہاں دنیا بھر سے صنعتکار، سرمایہ کار، خریدار اور ٹیکسٹائل شعبے سے وابستہ ماہرین بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل، گارمنٹ مشینری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اس بین الاقوامی نمائش میں چین، ترکیہ، جرمنی، اٹلی، جاپان، جنوبی کوریا، ملائیشیا، روس سمیت متعدد ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
نمائش میں 2 ہزار سے زائد عالمی برانڈز اور 425 سے زیادہ ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنی جدید مصنوعات، مشینری، ٹیکنالوجی اور اختراعات کی نمائش کر رہی ہیں، جس سے ٹیکسٹائل صنعت میں سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ نمائش ٹیکسٹائل، گارمنٹ مشینری، آٹومیشن، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید صنعتی رجحانات کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کا اہم ذریعہ ہے، جہاں کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار باہمی تعاون اور تجارتی شراکت داری کے نئے امکانات کا جائزہ لے سکیں گے۔