پاکستان کے آبی حقوق عالمی قانون کے تحت محفوظ ہیں، سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کیا جا سکتا، طارق فضل چودھری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت پاکستان کے آبی حقوق کو عالمی سطح پر مکمل قانونی تحفظ حاصل ہے اور کسی بھی بین الاقوامی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے آبی حقوق قومی سلامتی کا ایک بنیادی اور ناگزیر حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ طاس معاہدے پر منعقدہ بین الاقوامی سیمینار میں اس بات کا واضح اعادہ کیا گیا کہ عالمی معاہدوں کو یکطرفہ اقدامات کے ذریعے معطل یا غیر مؤثر نہیں بنایا جا سکتا۔

ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور جائز قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور امن، بامعنی مذاکرات اور قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام پر غیرمتزلزل یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب بین الاقوامی معاہدوں اور ریاستوں کے درمیان کیے گئے وعدوں کا مکمل احترام کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ یکطرفہ اقدامات کے ذریعے عالمی معاہدوں کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناقابل قبول ہے۔

مزید خبریں

Back to top button