شدید گرمی میں احتیاط نہ کی تو صحت کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں،ڈاکٹرعامرشہزاد

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)جون کی شدید گرمی اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، ڈاکٹر عامر شہزاد۔جون کی جھلسا دینے والی گرمی اور جاری ہیٹ ویو کے پیش نظر معروف میڈیکل اسپیشلسٹ ڈاکٹر عامر شہزاد نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معمولی سی غفلت بھی صحت کے سنگین مسائل اور جانی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں جسم میں پانی کی کمی سے بچنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پیاس محسوس نہ ہونے کی صورت میں بھی روزانہ کم از کم 10 سے 12 گلاس پانی یا ہائیڈریٹنگ مشروبات جیسے لیموں پانی، لسی اور او آر ایس کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ جسم میں پانی اور نمکیات کا توازن برقرار رہے۔انہوں نے کہا کہ صبح 11 بجے سے دوپہر 4 بجے تک سورج کی تپش اپنی انتہا پر ہوتی ہے، اس لیے شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ اگر کسی مجبوری کے تحت دھوپ میں جانا پڑے تو سر اور گردن کو ٹوپی یا گیلے کپڑے سے ڈھانپیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے پہنیں۔ڈاکٹر عامر شہزاد نے مزید کہا کہ گرمی کے موسم میں باسی کھانوں، بازاری مشروبات اور زیادہ مرغن غذاؤں سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے جبکہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کو روزمرہ خوراک کا حصہ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے اور بزرگ ہیٹ ویو سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، لہٰذا انہیں ٹھنڈی اور ہوادار جگہوں پر رکھا جائے اور دھوپ میں جانے سے مکمل طور پر بچایا جائے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، اس لیے ہیٹ ویو سے بچاؤ کی ہدایات پر عمل کر کے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی صحت کو محفوظ بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شدید گرمی کے دوران چکر آنا، بے ہوشی، تیز بخار، غیر معمولی کمزوری یا سانس لینے میں دشواری جیسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button