پی ٹی آئی کی5اگست کو مینارپاکستان پرجلسے کیلئے درخواست جمع،اجازت نہ ملنے پر قانونی راستہ اختیار کرنے کا اعلان

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے ڈی سی آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے 5 اگست کو مینار پاکستان پر جلسے کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جلسہ کرنا ہمارا آئینی حق ہے، پاکستان کی ریاست اور جمہوری عمل آئین پر قائم ہیں۔ اگر مینار پاکستان دستیاب نہیں تو اس کی وجہ بتانا ہوگی اور اگر وہاں جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی تو کسی اور مقام پر جلسے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل جب پی ٹی آئی نے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دی تو اسے وصول ہی نہیں کیا گیا۔ اگر جے یو آئی اور ایم ڈبلیو ایم کو جلسوں کی اجازت دی گئی ہے تو پی ٹی آئی کو اجازت نہ دینے کی کیا وجہ ہے؟
پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اگر کل سکیورٹی کا جواز بنا کر جلسے کی اجازت نہ دینے کا کہا گیا تو وہ اسے قبول نہیں کریں گے۔ ہم آئین اور قانون کی بات کریں گے، چیئرمین کی رہائی کا مطالبہ کریں گے اور عوام کے مسائل اجاگر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں بے روزگاری ہے، ہم عوام کی بات کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کو پرامن جلسے کی اجازت دی جائے گی۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ ہم سے الیکشن لوٹا گیا، جبکہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا مقصد صرف جھوٹ کو چھپانا ہے۔ ہم پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افسران کسی دباؤ میں آئے بغیر آئین و قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔



