کاکروچ جنتا پارٹی کے کامیاب احتجاج پر بالی وڈ اداکاروں کا خوشی کا اظہار

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی نوجوانوں کی جماعت کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے طلبا کے حق میں کامیاب احتجاج اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے پر بالی وڈ اداکاروں کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔

بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا بھارتی وزیر تعلیم کے استعفے کی خبر سن کر خوشی سے نہال ہوگئیں۔ انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں سوناکشی سنہا انتہائی خوش نظر آئیں اور نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ  آپ لوگوں کو شاید اندازہ بھی نہیں کہ آج آپ نے کیا کر دکھایا ہے۔

سوناکشی سنہا نے اس موقع پر اٹھک بیٹھک بھی لگائی اور کہا کہ وہ جنریشن زی کو سنجیدگی سے نہ لینے پر معذرت کرتی ہیں۔

ان کا مزیدکہنا تھا کہ میرا دل چاہتا ہےکہ میں بھی جنریشن زی کا حصہ ہوتی، آپ لوگوں نے جو کر دکھایا ہے، وہ واقعی ناقابلِ یقین ہے۔

اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھارتی  وزیر تعلیم کے استعفے پر ردعمل کا اظہار کیا اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر کیا۔

انہوں نے لکھا کہ ‘جنریشن زی میدان میں اتری، اور باقی تاریخ ہے’۔

اس سے دو روز قبل بھی عالیہ بھٹ ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ طلبہ صرف اپنی نمائندگی نہیں کر رہے بلکہ ان تمام لوگوں کی آواز ہیں جنہوں نے ان کا ساتھ دیا، ساتھ ہی وہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک بہتر راستہ ہموار کر رہے ہیں۔

سیف علی خان کے بیٹے اداکار ابراہیم علی خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ‘خوشی ہے کہ آواز سن لی گئی۔ ہوگیا برو’۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابراہیم علی خان نے یہ جملہ اسی انداز میں لکھا جیسے سلمان خان نے سونم وانگچک سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا ‘سونم، ہوگیا برو’

ابراہیم  کی بہن اداکارہ سارہ علی خان نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر صرف ‘جمہوریت’ لکھا، جس کے ساتھ دل، بھارتی پرچم اور ہاتھ جوڑنے والے ایموجیز شامل تھے۔

سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی نے دھرمیندر پردھان کے استعفے کو طلباکی بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ یہ جدوجہد ابھی ختم نہیں ہوئی، مزاحمت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

سینئر اداکار پرکاش راج نے سی جے پی احتجاج کی کامیابی پر طلبا اور حامیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ مبارک ہو، میرے پیارے کاکروچز، محترم سونم وانگچک صاحب اور ہر اس شخص کو مبارک باد جس نے نوجوانوں کا ساتھ دیا۔ آپ نے ثابت کر دیا کہ عوام متحد ہو جائیں تو کسی بھی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی دھرمیندر پردھان کے استعفے پر خوشی کا اظہار کیا اور ایک پوسٹ شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ملک گیر طلبہ احتجاج کے 30 روز اور سونم وانگچک کی 26 روزہ سخت بھوک ہڑتال کے بعد دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دے دیا۔ اس پوسٹ پر پریانکا چوپڑا نے تالیاں بجانے، آنکھوں میں آنسو، دھوپ کا چشمہ اور سرخ دل والے ایموجیز کے ذریعے اپنا ردعمل دیا۔

اداکارہ وانی کپور نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر طلبا سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ ہر اس طالب علم کے لیے جس نے ہمت نہیں ہاری، اور وہ سوال اٹھاتا رہا اور امید کا دامن نہیں چھوڑا، یہ لمحہ تمہارے نام ہے۔

ان کے علاوہ  اداکارہ ٹینا دتہ، عائشہ کانگا، ملائکہ اروڑا، انجلی سیوارامن اور شبانہ اختر سمیت کئی دیگر فنکاروں نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button