بدین میں یومِ استحصالِ کشمیر: بھارت کے ظالمانہ اقدام کے خلاف ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں تقریب اور ریلی کا انعقاد

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/ جانوڈاٹ پی کے) ملک بھر کی طرح بدین میں بھی کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ‘یومِ استحصالِ کشمیر’ بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب اسپورٹس کمپلیکس بدین میں منعقد ہوئی، جس میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت (آرٹیکل 370 اور 35-A) کو ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر شب خون مارا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے جذبۂ آزادی اور جرات کو سلام پیش کرتی ہے اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
تقریب کے دوران مختلف سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے کشمیریوں کے حق میں ملی نغمے، ٹیبلوز اور جذباتی تقاریر پیش کر کے حاضرین سے داد وصول کی۔
مرکزی تقریب کے بعد ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی قیادت میں اسپورٹس کمپلیکس سے شہید بینظیر بھٹو چوک تک ایک عظیم الشان ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمیر محض ایک زمینی تنازعہ نہیں بلکہ انسانی المیہ ہے، لیکن بھارت کے تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا عزم اور پاکستان سے محبت آج بھی زندہ ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ڈی ایچ او ڈاکٹر زاہد حسین سولنگی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر انور پارابی، اور ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں سمیت پولیس، تعلیم، صحت، لائیو اسٹاک، نادرا، اسکاؤٹس، این جی اوز، اقلیتی برادری اور میڈیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



