فیفا ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کی ناقص کارکردگی، ہیڈ کوچ ہونگ میونگ بو مستعفی

سیئول (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) فٹبال ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کی مایوس کن کارکردگی کے بعد قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہونگ میونگ بو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جبکہ جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے ٹیم کی ناقص کارکردگی کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
جنوبی کوریا کو امید تھی کہ وہ گروپ مرحلے میں بہترین تیسری ٹیم کے طور پر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لے گا، تاہم ٹیم اپنی یہ امید پوری نہ کر سکی اور پہلے مرحلے کے اختتام پر ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی، جس کے بعد اسے شدید عوامی اور میڈیا تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
پریس کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ ہونگ میونگ بو نے شائقین سے معذرت کرتے ہوئے شکست کی مکمل ذمہ داری قبول کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم وہ نتائج دینے میں ناکام رہی جس کی قوم اور مداحوں کو توقع تھی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے گروپ مرحلے میں تین میچز کھیلے، جن میں سے دو میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ میں کامیابی حاصل ہوئی، تاہم یہ کارکردگی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔



