مائیکل لوٹم صومالی لینڈ میں اسرائیل کے پہلے سفیر مقرر

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل نے سفارتی تعلقات کے بعد خود ساختہ صومالی لینڈ میں اپنے پہلے سفیرکا تقرر کر دیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت نے صومالی لینڈ کے لیے اسرائیل کے پہلے سفیر کی تقرری کی منظوری دے دی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ اقدام صومالی لینڈ سے گزشتہ سال قائم ہونے والے تعلقات کو مزید وسعت دینےکی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اسرائیل نے مائیکل لوٹم کو صومالی لینڈ میں اسرائیل کا پہلا سفیر مقرر کیا ہے جو کہ اس وقت افریقا کے لیے اقتصادی نمائندے کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سے قبل کینیا، آذربائیجان اور قازقستان میں سفیر رہ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے دسمبر 2025 میں خود ساختہ جمہوریہ صومالی لینڈ کو آزاد اور خود مختار ریاست کے طور پر باضابطہ تسلیم کرنےکا اعلان کیا تھا۔ تمام مسلم ممالک نے اسرائیلی اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
واضح رہےکہ صومالی لینڈ نے 1991 میں خانہ جنگی شروع ہونےکے بعد صومالیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور وہ عملی طور پر خودمختار بھی ہے تاہم اب تک اسے اسرائیل کے سوا کسی بھی دوسرے ملک کی جانب سے باضابطہ تسلیم نہیں کیا گیا تھا، عالمی سطح پر اسے صومالیہ کے اندر ایک خود مختار انتظامی خطے کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے۔



