عدالتی فیصلے نہ مانے گئے تو عوام خود فیصلہ کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جب عدالتی فیصلوں پر عمل نہیں ہوگا تو عوام اپنے فیصلے خود کریں گے، ہم 27 ستمبر کو اتنی بڑی تعداد میں اسلام آباد جائیں گے کہ یہ لوگ گولی چلانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکیں گے۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدہ کیا تھا 90 روز میں منصوبے مکمل کریں گے، منصوبے مکمل ہیں، جمیل چوک بھی ڈھائی ماہ سے قبل مکمل کریں گے، دو سو ارب روپے کے منصوبے بنا رہے ہیں، ترقی کا یہ سفر آخری نہیں یہ سال امن ترقی خوشحالی کا سال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 295 ارب روپے سے 235 کردیا ہے، اپنے ٹارگٹ 129 ارب روپے سے زیادہ ریونیو 150 ارب وصول کیے، ریونیو 93 ارب روپے تھا 2026،27 میں دو سو ارب روپت ریویو حاصل کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی طاقت سے آتے ہیں صوبے کا سوچتے ہیں، باقی تمام صوبوں اور وفاقی حکومت چو دروازے سے آئے، چور دروازے سے آئی حکومت کو عوام کا خیال نہیں ہوتا، آئی ایم ایف رپورٹ کہتی ہے 5300 ارب روپے کی کرپشن کی ہوئی ، اتنی بڑی کرپشن پر لب خاموش کردیے جاتے ہیں یا ہوجاتے ہیں،جب عوامی مینڈیٹ سے کوئی حکومت نہیں آتی تو وہ 12 ارب روپے کا جہاز خریدتی ہے، چور دروازوں، بیساکھیوں اور کسی کے کندھے پر حکومت اتی ہے تو اس کو ملک کی فکر نہیں ہوتی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں جی ڈی پی گروتھ 6.1 فیصد تھا کسان، مزدور، نوجوان خوش تھے، بیرونی غلاموں نے بیرونی سازش کے ذریعے ایک جمہوری حکومت کا پانسہ پلٹا، جنہوں نے جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے وہ ہوش کے ناخن لیں، اگر ہوش کے ناخن نہ لیے گئے تو  پاکستان تباہی کی طرف جا رہا ہے، غلط پالیسیوں کی وجہ سے ایک دفعہ پھر خیبر پختون خواہ لہولہان ہے، ہمارے پولیس والے بغاوت کرنے پر اتر آئے ہیں، ان کو بھی پتا لگ گیا ہے کہ ہم کس کے لیے مر رہے ہیں اور کیوں مر رہے ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے نہیں مانے جارہے ، اگر عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہیں ہوگا تو عوام خود فیصلہ کریں گے، ہم 27 ستمبر کو اسلام آباد  اتنی بڑی تعداد میں آرہے ہیں کہ آپ کی سوچ بھی نہیں ہوگی، ہم اسلام آباد اتنی بڑی تعداد میں جائیں گے کہ یہ گولی چلانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button