اسمارٹ میٹرنگ منصوبہ شروع! بجلی نظام میں بڑی ڈیجیٹل تبدیلی کا آغاز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاور سیکٹر میں جدید اصلاحات کے تحت اسمارٹ میٹرنگ منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جسے بجلی کے نظام کی جدیدیت کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاور ڈویژن اور بین الاقوامی مالیاتی ادارے آئی ایف سی کے درمیان ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز معاہدے کے تحت تقریباً ایک کروڑ بجلی کنکشنز پر اسمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ حکومت کے مطابق اس اقدام سے بجلی چوری کی روک تھام اور بلنگ سسٹم میں شفافیت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعظم کے وژن کے مطابق توانائی کے شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کو تیز کیا جا رہا ہے، اور عالمی مسابقتی عمل کے ذریعے اسمارٹ میٹرز کی قیمتوں میں تقریباً 40 فیصد کمی بھی ممکن ہوئی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت اب تمام نئے بجلی کنکشنز کے لیے اسمارٹ میٹرز لازمی قرار دے دیے گئے ہیں جبکہ روایتی میٹرز کا اجرا مرحلہ وار ختم کیا جا رہا ہے۔
مزید یہ کہ تھری فیز، کمرشل اور صنعتی صارفین کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام میں شامل کیا جائے گا تاکہ پورا بجلی نظام جدید خطوط پر استوار ہو سکے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف ریکوری میں بہتری آئے گی بلکہ لائن لاسز اور مالی نقصانات میں بھی واضح کمی متوقع ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے پاور سیکٹر میں شفافیت، کارکردگی اور مالی استحکام کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔



