سندھ حکومت نے سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کی منظوری دیدی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کی منظوری دے دی۔
صوبائی وزیر کھیل سردار محمد خان بخش مہر کے مطابق نئے مالی سال کے لیے منظور کردہ سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کے تحت 19ویں سندھ گیمز نومبر میں سکھر میں ہوں گے،شہید بینظیر آباد اکتوبر میں سندھ پنک گیمز اور اسپیشل گیمز کی میزبانی کرے گا،ای اسپورٹس چیمپئن شپ نومبر میں کراچی میں منعقدہوگی۔
سندھ بیچ گیمز کراچی میں دسمبر میں ہوں گے، تھر جیپ ریلی فروری 2027 میں ہوگی۔لیاری اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد اپریل میں طے پایا ہے جبکہ پنک فٹبال چیمپئن شپ مئی میں ہوگی۔
کراچی میں ڈونکی کارٹ ریس کا جون 2027 میں انعقاد ہوگا، جولائی میں بھٹ شاہ میں شاہ لطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر آل پاکستان ملاکھڑا مقابلے ہونا قرار پائے ہیں۔
سچل گوٹھ، کراچی میں میگا ملاکھڑا اکتوبر اور ٹھٹہ میں کوہستان بیل گاڑی دوڑ نومبر میں ہوگی،حیدرآباد میں اقبال ڈے اسپورٹس فیسٹیول نومبر میں ہوگا۔
شہید بینظیر آباد میں سخی جام ڈاتار کےعرس پر ملاکھڑا و کبڈی ٹورنامنٹ، اورلعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر آل پاکستان ملاکھڑا فروری 2027 میں ہوگا، شطرنج چیمپئن شپ حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔
سندھ کے وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ٹرانسجینڈر، خصوصی افراد، جامعات و جیلوں تک کھیلوں کی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا،سندھ بھر میں ملاکھڑا، کوڈی کوڈی، کبڈی اور شوٹنگ بال کے مقابلے اسٹریٹ چلڈرن گیمز: فٹبال، کرکٹ، گلی ڈنڈا، رسہ کشی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
نئے سیلا سالانہ کلینڈر میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی بھرپور معاملات اور تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ وہ آگے چل کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر صوبے اور قوم کا نام روشن کر سکیں۔



