سندھ میں17سالہ بادشاہت کے خاتمے کی تیاری،اڈیالہ سے عمران خان کا بڑا حکم آگیا!

لاہور(خصوصی رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے) ملکی سیاست میں اس وقت زبردست ہلچل مچی ہوئی ہے اور سندھ سے لے کر اڈیالہ جیل تک بڑے فیصلوں کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سندھ میں گزشتہ 17 برس سے برسرِاقتدار پیپلز پارٹی کے خلاف ایک نیا اور طاقتور سیاسی متبادل تیار کیا جا رہا ہے۔ فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے خاموشی توڑتے ہوئے میدانِ عمل میں نکلنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور سندھ کے تمام ناراض سیاسی برجوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ مرضی کے الیکٹیبلز اور متبادل قیادت کی تیاری کا مقصد پیپلز پارٹی کے ناقابلِ تسخیر سمجھے جانے والے قلعے میں دراڑیں ڈالنا ہے تاکہ آئندہ انتخابات میں سندھ کے سیاسی منظرنامے کو مکمل طور پر تبدیل کیا جا سکے۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے انتہائی سخت اور حیران کن ہدایات سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کی پارلیمانی قیادت، وکلاء اور "تہریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان” کے اتحاد سے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سب کو ایک طرح سے فارغ کر دیا ہے۔ خان صاحب کا موقف ہے کہ ان کی رہائی یا احتجاج کے لیے کوئی مؤثر عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا، جس کی بنا پر وہ اپنی پارٹی کو اسمبلیوں سے استعفے دینے اور خیبر پختونخوا حکومت کے خاتمے جیسی انتہائی تجاویز پر غور کرنے کا کہہ چکے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اگر ان کے لیے کوئی سڑکوں پر نہیں نکل رہا تو پھر ان ایوانوں میں بیٹھنے کا بھی کوئی فائدہ نہیں۔ سیاست کے یہ بدلتے رنگ آنے والے دنوں میں کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
صحافی امداد سومرو کی اس خصوصی رپورٹ اور وی لاگ کو مکمل دیکھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں




