مون سون اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت تیار ہے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت مکمل طور پر تیار ہے، تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون کی تیاریوں، ممکنہ خطرات اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہیٹ ویوز سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون خوش آئند ہے۔ نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم موسمیاتی خطرات کی بروقت نشاندہی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ جدید نظاموں کی مدد سے انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے اور املاک کے تحفظ کے لیے بہتر منصوبہ بندی ممکن ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گلیشیئرز کے پگھلنے، سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی اور خشک سالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، اس لیے خطرناک حالات میں تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وسائل، مشینری اور امدادی اقدامات فعال رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button