شکارپور: مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

شکارپور(سیف مصطفیٰ، جانوڈاٹ پی کے) جھلی کلواڑی پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے تین ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جھلی کلواڑی تھانے کی ٹیم نے دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے حملہ کردیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی گولی سے مارا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت بائیومیٹرک سسٹم کے ذریعے کی جارہی ہے۔ موقع سے ایک موٹر سائیکل اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے میں استعمال ہونے والی ماسٹر چابی برآمد کرلی گئی ہے۔

ابتدائی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ہلاک ڈاکو موٹر سائیکل چوری، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جبکہ اس کا ریکارڈ مختلف تھانوں اور اضلاع سے بھی چیک کیا جارہا ہے۔

پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی۔

فرار ہونے والے تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button