ووٹ کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا، شیری رحمان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے آزاد کشمیر انتخابات میں بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ شروع نہ ہونے اور تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹ کے تقدس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔

اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ انتخابی عملے کی تاخیر کے باعث ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ متعدد پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل متاثر ہونا انتخابی انتظامات پر سوالات اٹھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً ایل اے-28، ایل اے-31، ایل اے-25 اور ایل اے-34 کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ میں تاخیر کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل اے-31 کے پولنگ اسٹیشن شرک کمال باندی میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن پر صرف ایک پولیس اہلکار تعینات ہے، حالانکہ اسے پہلے ہی حساس قرار دیا گیا تھا۔

سینیٹر شیری رحمان نے الیکشن کمیشن سے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ ایل اے-31 میں رنگلہ سے کٹکئیر جانے والی سڑک بند ہونے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک گزشتہ رات سے بند ہے، جس کے باعث ووٹرز کو لے جانے والی 50 سے زائد گاڑیاں راستے میں پھنس گئی ہیں اور بڑی تعداد میں شہری اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے سے محروم ہیں۔

شیری رحمان نے بتایا کہ پولنگ میں تاخیر اور دیگر بے ضابطگیوں سے متعلق متعدد تحریری شکایات الیکشن کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر فوری تحقیقات کر کے ووٹنگ کا عمل بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ووٹر کو بلا رکاوٹ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملنا چاہیے، کیونکہ شفاف اور غیرجانبدار انتخابات جمہوریت کی بنیادی ضرورت ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button