وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب جائیں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف 6 اور 7 اگست کو دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب جائیں گے، جہاں وہ سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری، تجارت اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنما خطے کی مجموعی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ میں جاری پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی گفتگو کریں گے۔
توقع ہے کہ دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں پیش رفت کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔



