بیرونِ ملک پاکستانی قومی اثاثہ ہیں، او پی ایف کو فلاحی اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین بورڈ آف گورنرز اورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) سید قمر رضا اور منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف افضال بھٹی نے ملاقات کی، جس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور وہ اپنی محنت کی کمائی وطن بھیج کر ملکی زرمبادلہ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہبود اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے، تاکہ ان کے مسائل بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور سہولتوں میں اضافے کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز اور منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف نے عالمی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے او پی ایف کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جامع اور قابلِ عمل منصوبہ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مزید خبریں

Back to top button