شہباز شریف اور انور ابراہیم کا ٹیلیفونک رابطہ، خطے میں امن کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور پاک ملائیشیا تعلقات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کی قیادت اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی، جبکہ ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی پاکستانی عوام کو عید کی مبارکباد دی اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران انور ابراہیم نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو مزید کامیابیاں عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا امن اقدام قائداعظم محمد علی جناح کے وژن اور نظریے کے عین مطابق ہے۔
ملائیشین وزیراعظم نے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امن اقدامات کی حمایت پر ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا سمیت برادر ممالک کے تعاون نے امن کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں اور نائب وزیراعظم کے فعال کردار کے باعث اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔



