سندھ میں 500 الیکٹرک بسیں خریدنےکا فیصلہ، کراچی میں لاجسٹکس پارک کا قیام ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوگا، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے صوبے میں جدید اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے 500 الیکٹرک وہیکل (ای وی) بسیں خریدنے اور کراچی میں لاجسٹکس پارک قائم کرنے کے منصوبوں کی سندھ کابینہ سے منظوری لینے کا فیصلہ کر لیا۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (ایس ایم ٹی اے) بورڈ کے اجلاس میں ماس ٹرانزٹ نظام کی توسیع، ٹرانسپورٹ کے جاری منصوبوں، ٹریفک مینجمنٹ اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاجسٹکس پارک کے قیام اور 500 ای وی بسوں کی خریداری کے لیے ضروری تکنیکی و انتظامی کارروائی مکمل کرکے سندھ کابینہ سے منظوری حاصل کی جائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں لاجسٹکس پارک کا قیام ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوگا، جس سے شہر میں ہیوی ٹریفک کے دباؤ کو بڑے پیمانے پر کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے تمام ضروری تکنیکی اور انتظامی کارروائی جلد مکمل کی جائے تاکہ ان پر بروقت پیش رفت ممکن ہو۔
انہوں نے کہا کہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینا سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مزید ای وی بسوں کی شمولیت سے کراچی کے شہریوں کو بہتر، جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
اجلاس میں ایس ایم ٹی اے بورڈ کے ارکان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایم ڈی ایس ایم ٹی اے بہزاد میمن، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔



