جلاؤ گھیراؤ، کراچی شہر کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے، شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کے نام پر شہر کو یرغمال بنانے کی کوشش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔

شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے شہریوں کی زندگی اجیرن کرنا اور شہر میں بدامنی پھیلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ احتجاج کی آڑ میں شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا احتجاج نہیں بلکہ قانون کو چیلنج کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو احتجاج کا مکمل حق حاصل ہے، تاہم شرپسند عناصر کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔

سینئر وزیر سندھ کا کہنا تھا کہ آگ لگانے، سڑکیں بند کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں نامعلوم افراد کی جانب سے حالات خراب کرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button