شرجیل انعام میمن نے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی ای او ٹرانس کراچی زبیر چنہ، منصوبے کے کنسلٹنٹس، انجینئرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر وزیر کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت، مختلف تعمیراتی پیکیجز، یوٹیلیٹی شفٹنگ، اسٹیشنز، ڈپو، انفراسٹرکچر اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے اجلاس کو منصوبے کے مختلف حصوں پر جاری کام کی رفتار، مقررہ اہداف اور ٹائم لائن سے بھی آگاہ کیا۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کراچی کے عوام کے لیے ایک انتہائی اہم فلاحی منصوبہ ہے، اس لیے تمام تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور ہر مرحلہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ تکنیکی اور انتظامی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ منصوبے کو اعلیٰ معیار اور مقررہ اہداف کے مطابق مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔



