افغانستان کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران انتقال کر گئے

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شاپور زدران 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، جس پر افغان کرکٹ میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے شاپور زدران کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور بھارت کے ایک مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ نے اپنے تعزیتی بیان میں شاپور زدران کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغان کرکٹ کے ابتدائی اور نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے جنہوں نے قومی ٹیم کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

بورڈ کے مطابق شاپور زدران کی نمازِ جنازہ اور تدفین سے متعلق اعلان ان کے اہل خانہ سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق افغانستان کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑی علاج کے دوران بھارت میں شاپور زدران کی عیادت بھی کرتے رہے۔

شاپور زدران نے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ (ون ڈے) اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور اپنی تیز رفتار باؤلنگ سے ٹیم کی کئی اہم کامیابیوں میں کردار ادا کیا۔

مزید خبریں

Back to top button