نوازشریف سینٹر آف ایمیننس نے عوامی مقبولیت کا ریکارڈ قائم کردیا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں نوازشریف سینٹرز آف ایمیننس نے عوامی مقبولیت کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، لاہور کے 65 سینٹرز میں داخلوں کے لیے 71 ہزار سے زائد طلبہ نے درخواستیں جمع کرا دیں۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں 114 نوازشریف سینٹرز آف ایمیننس کو 14 اگست تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستمبر تک 300 سینٹرز مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نوازشریف سینٹرز آف ایمیننس میں کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔ 2 لاکھ روپے ماہانہ آمدن والے والدین کے بچوں سے فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
بریفنگ کے مطابق ہر کلاس میں 30 طلبہ، بہترین اساتذہ، معیاری تعلیم اور مستحق طلبہ کے لیے زیرو فیس پالیسی رکھی گئی ہے، جبکہ مکمل فیس ادا کرنے کی استطاعت رکھنے والے طلبہ کے لیے بھی 10 فیصد کوٹہ مختص ہوگا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے داخلہ ٹیسٹ میں طلبہ کا غیر معمولی رش خوش آئند ہے، معیاری تعلیم کا نیا نام نوازشریف والا سکول ہے، جبکہ داخلوں کے لیے طلبہ کی بڑی تعداد سرکاری سکولوں پر عوام کے اعتماد کی بحالی کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کا مقصد صوبے کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں نوازشریف سینٹر آف ایمیننس قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف سینٹر آف ایمیننس منصوبہ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور اس کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہیں۔



