بدین:محکمہ تعلیم میں رشوت کا بازارگرم، سکولوں میں گنجائش سے زیادہ اساتذہ کی تعیناتیاں

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن جانو ڈاٹ پی کے)بدین کے محکمہ تعلیم میں رشوت کے عوض پسندیدہ سکولوں میں گنجائش سے زیادہ اساتذہ کی تعیناتیاں اور ان کا ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنا معمول بن گیا ہے، جبکہ ان معاملات میں محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ اساتذہ کی تنظیموں کے اہم عہدیدار بھی ملوث پائے گئے ہیں خبر کے مطابق، محکمہ تعلیم کے سیکریٹری کی جانب سے ایس ٹی آر پالیسی (STR Policy) کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گنجائش سے زیادہ اساتذہ کی تقرریوں کا نوٹس لینے کے بعد محکمہ تعلیم کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پالیسی کی کھلی خلاف ورزی میں نہ صرف افسران بلکہ اساتذہ تنظیموں کے مرکزی عہدیدار بھی شامل ہیں

ذرائع نے بتایا کہ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول، ایگرویل کالونی بدین میں کل 536 طلبہ کے لیے 31 اساتذہ تعینات کیے گئے ہیں، جن میں سے 17 اساتذہ غیر حاضر جبکہ 14 اساتذہ حاضر ہیں

مزید بتایا گیا کہ بدین شہر اور اس کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں آنے والے اسکولوں میں محکمہ تعلیم کی خصوصی مہربانی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ضلع کے دیہی علاقوں کے اسکولوں میں اساتذہ مقرر کرنے کے بجائے، محکمہ تعلیم کے افسران اور یونین رہنماؤں کی ملی بھگت سے شہر کے اسکولوں میں ضرورت نہ ہونے کے باوجود غیر قانونی اور پالیسی کے خلاف تقرریاں کی گئی ہیں ذرائع کے مطابق اگر غیر جانب دارانہ تحقیقات کی جائیں تو مزید سنگین انکشافات سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button