سرگودھا ایک ہی وقت میں ہزاروں قیدیوں کو گرفت میں رکھنا بہت بڑی خدمت ہے، وحید خان

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا خان وحید خان نے کہا ہے کہ نظم و ضبط ،صبر و تحمل اور خلوص کامیاب زندگی کی علامت ہیں۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے ایک خوابیدہ قوم کو بیدار کیا اور انھیں دعوت عمل دی۔ پاکستان کی ترقی کا دارومدار محنت اور عمل پر منحصر ہے۔زندگی باتوں سے نہیں بل کہ عمل سے بنتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پروگرام دانش کدہ میں علامہ محمد اقبال، نظم و ضبط اور صبر و تحمل کے حوالے سے خصوصی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم ،مرزا ضیاءالاسلام، اسامہ خان حیران، امتیاز احمد ،مس رحما عرفان مغل، محمد نعیم رفیق، نعمان قیصر مغل، مرزا منیر بیگ اور دیگر نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔
خان وحید خان نے مزید کہا کہ پاکستان جن مسائل سے دوچار ہے ان کا حل ایک دوسرے کو برداشت کرنے میں مضمر ہے۔ خلوص ایک عطر کی مانند ہوتا ہے ہم اسے جتنا دوسروں پر چھڑکیں اس سے کہیں زیادہ خوشبو ہمیں اپنے من سے آتی ہے۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے کلام سے استفادہ کریں۔ایک سوال کے جواب میں وحید خان نے کہا کہ جیل کو اصلاح و فلاح کا مرکز بنانے کے لیے ٹیم ورک سے کام لیا جاتا ہے ۔ ایک ہی وقت میں ہزاروں قیدیوں کو گرفت میں رکھنا بہت بڑی خدمت ہے ۔



