سرگودھا ڈسٹر کٹ جیل انتظامیہ کا قیدیوں کی اصلاح وتربیت کا سلسلہ جاری

سرگودھا(نامہ نگار) ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی اصلاح و تربیت کا سلسلہ جاری، جیل انتظامیہ قیدیوں کو ہنر مند بنانے میں مصروف، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل وحید خان کا کہنا تھا کہ حوالاتی اور قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں، ان کی اصلاح و تربیت اور بحالی کیلئے جیل انتظامیہ مسلسل کوشاں ہے، ہمارا مقصد قیدیوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھ کر ان میں مثبت سوچ، خود اعتمادی اور با عزت زندگی گزارنے کا شعور پیدا کرنا ہے، جیل میں بند قیدیوں کو دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ مختلف ہنر بھی سکھائے جا رہے ہیں تا کہ رہائی کے بعد وہ معاشرے کے مفید اور با کردار شہری کے طور پر زندگی گزار سکیں، جرائم کی دنیا وسیع ضرور ہے مگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ قیدی رہائی کے بعد جرم سے نفرت کریں اور نئی زندگی کا آغاز ایمانداری اور محنت سے کریں۔ قیدیوں کو بجلی کی مرمت، اسسریز کی تیاری اور دیگر فنی شعبوں میں تربیت فراہم کی جا رہی ہے، خوش آئند بات یہ ہے کہ اسیران نا صرف ان سرگرمیوں میں دلچسپی لے رہے ہیں بلکہ سیکھنے کے عمل سے عملی طور پر فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں، جیل ایک چھوٹی سوسائٹی کی مانند ہے جہاں مختلف مزاج اور پس منظر کے افراد موجود ہیں۔ تا ہم ہماری بہترین ٹیم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس سے لے کر عام اہلکاروں تک ہر چیلنج کا سامنا اور مسائل کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ وحید خان نے امید ظاہر کی ہے کہ جیل انتظامیہ کی یہ اصلاحی کاوشیں معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا ذریعہ بنیں گی، قیدی جیل میں بلب، جوتے اور دیگر اشیاءکی تیاری کر رہے ہیں، جسے کسی منافع کے بغیر مارکیٹ میں فروخت کیا جار ہا ہے جو نا صرف قیدیوں کی آمدن کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے قیدیوں کی کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ مل رہا ہے۔



