سرگودھا ڈیٹا فیسٹ 2025 کے حوالے سے آگاہی واک، عوام کی بھرپور شرکت

سرگودہا (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے زیرِ اہتمام ڈیٹا فیسٹ 2025 کے سلسلے میں ڈی سی آفس میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانامحمد ابوبکر اور چیف آفیسر شماریات ڈاکٹر مظہر حسین نے کی۔واک میں ڈویژنل کوآرڈینیٹر شماریات عدنان رشید، ضلعی کوآرڈینیٹر محمد اشفاق، ریجنل آفس کے شماریاتی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندے، مختلف محکموں کے افسران، میڈیا کے نمائندگان، طلبا و طالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ واک ملک بھر میں جاری اسی نوعیت کی سرگرمیوں کا حصہ تھی، جس کا مقصد عوام میں ڈیٹا کی اہمیت، جدید اعداد و شمار کے استعمال اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کے فروغ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر نے کہا کہ درست اور بروقت ڈیٹا ترقیاتی منصوبہ بندی اور مؤثر فیصلہ سازی کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کے تحت محکمہ شماریات جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اعداد و شمار کے نظام کو الیکٹرانک بنیادوں پر منتقل کر رہا ہے، تاکہ پالیسی سازی میں بروقت اور درست فیصلے ممکن ہو سکیں۔
چیف آفیسر شماریات ڈاکٹر مظہر حسین نے کہا کہ حقائق پر مبنی پالیسی ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے میڈیا، سول سوسائٹی اور عوام کو ڈیٹا فیسٹ 2025 (جو 11 اور 12 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا) میں شرکت کی دعوت دی۔واک میں شریک شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈیٹا کے مؤثر استعمال، شفافیت اور ترقی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اعداد و شمار کے درست استعمال، شفاف ڈیٹا کی فراہمی اور ڈیجیٹل پاکستان کے ویژن کی تکمیل کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔



