سرگودھا: چینی کے بعد اب آٹے کا بحران، شہری پریشان! سرکاری ریٹ نایاب، مہنگے داموں فروخت

​سرگودھا (جانوڈاٹ پی کے)​شہر سرگودھا میں ایک بار پھر بحران نے سر اٹھا لیا ہے، اور اس بار نوبت غریب کی بنیادی ضرورت آٹے تک آ پہنچی ہے۔ چند دن قبل چینی کی قلت اور مہنگے داموں فروخت نے شہریوں کو رلایا تھا، اور اب آٹا مارکیٹ سے نایاب ہو گیا ہے۔

عوام سرکاری آٹے کے حصول کے لیے پوائنٹس پر گھنٹوں دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ حکومتی مقرر کردہ نرخوں پر آٹا دستیاب نہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، محکمہ خوراک اور فلور ملز کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری کوٹے کا آٹا مارکیٹ سے غائب کر دیا گیا ہے۔ یہ آٹا اب بلیک مارکیٹ میں سرکاری ریٹ سے کہیں زیادہ مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ چکی آٹا کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور فی کلو آٹا سو روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور آٹے کی بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ غریب عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم ہو سکے۔ انتظامیہ کی خاموشی نے آٹا مافیا کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس سے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button