سرگودھا: واسا کی کارکردگی ’زیرو‘، شہر کی گلیوں میں گندا پانی، شہری اذیت میں مبتلا

​سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)​سرگودھا میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کی ناقص کارکردگی اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے باعث شہر کے حالات ابتر ہو چکے ہیں۔ سیوریج سسٹم کی مکمل بندش سے گلی محلوں میں گندا پانی کھڑا ہو چکا ہے، جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ کئی علاقوں میں صورتحال یہ ہے کہ مساجد جانے والے نمازیوں کو گندے اور تعفن زدہ پانی سے گزرنا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف مذہبی فرائض کی ادائیگی میں مشکل پیش آ رہی ہے بلکہ ان کی صحت کو بھی خطرہ لاحق ہے۔

​ شہریوں کی شکایات کے مطابق، واسا کا فیلڈ عملہ شہر کے بیشتر متاثرہ علاقوں میں محض ٹائم پاس کر رہا ہے اور بغیر کام کیے تنخواہیں وصول کر رہا ہے ادارے کے اعلیٰ افسران اپنے دفاتر تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں اور گلی محلوں کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے یا میدان میں آ کر عملی اقدامات کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے تعفن اور مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث علاقے میں مختلف وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

​شہریوں نے کمشنر اور اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ واسا کی ’’زیرو کارکردگی‘‘ کا سخت نوٹس لیا جائے، غیر ذمہ دار عملے اور افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے، اور شہر میں سیوریج سسٹم کو فوری طور پر بحال کر کے گلی محلوں سے گندے پانی کا انخلاء یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button