سرگودہا: چیمہ کالونی میں سڑک پر ناجائز قبضہ، رہائشیوں کا فوری کارروائی کامطالبہ

سرگودہا(جانو ڈاٹ پی کے)یونیورسٹی روڈ کے علاقہ چیمہ کالونی میں بااثر افراد کی جانب سے گلی نمبر 9 پر گیٹ لگا کر شارع عام کو بند کرنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ کالونی کے رہائشیوں نے کنٹونمنٹ بورڈ کے حکام پر مبینہ ملی بھگت کا الزام عائد کیا ہے۔ چیمہ کالونی کے رہائشیوں کے مطابق، بااثر افراد نے کھلے عام گلی نمبر 9 پر گیٹ نصب کر دیا ہے اور دن دیہاڑے تعمیراتی کام بھی جاری رکھا ہوا ہے، جس سے عام گزرگاہ مکمل طور پر بند ہو چکی ہے۔
مکینوں نے فوری طور پر کنٹونمنٹ بورڈ حکام کو اس ناجائز تجاوزات کے خلاف باقاعدہ شکایات درج کروائیں، لیکن رہائشیوں کا مؤقف ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ ان بااثر افراد کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ اس بے حسی کو عوامی حلقوں میں ‘ملی بھگت’ سمجھا جا رہا ہے۔ ناجائز تعمیرات اور حکام کی مبینہ خاموشی پر چیمہ کالونی کے مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بنیادی شہری حقوق کی خلاف ورزی اور قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔مکینوں نے فوری طور پر وزارت دفاع اور ڈائریکٹر جنرل کنٹونمنٹ (ڈی جی کنٹونمنٹ) سے اس سنگین معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ قائم ہونے والی ناجائز تجاوزات کے خلاف فی الفور آپریشن کر کے اسے مسمار کیا جائے۔
اہلکاران کے خلاف کارروائی: ناجائز تعمیرات میں مبینہ طور پر ملوث کنٹونمنٹ بورڈ کے اہلکاران کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےرہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد ان کے مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔



