مدھوبالاکی زندگی اورفلمی سفربڑےپردےپردوبارہ زندہ ہونےکوتیار،ساراارجن مرکزی کرداراداکرینگی

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی آئیکونک اداکارہ مدھوبالا کی زندگی پر بننے والی فلم میں سارا ارجن مرکزی کردار ادا کریں گی، اس کی فلم بندی ستمبر میں فلم لَو اینڈ وار کی شوٹنگ مکمل ہونے پر شروع ہو جائے گی۔
مدھوبالا کے حالات زندگی پر بننے والی فلم کا ابھی کوئی حتمی نام سامنے نہیں آیا، فلم ڈارلنگز کی ہدایت کارہ جسمیت کے رین اس کی بھی ڈائریکشن دیں گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ سارا ارجن نے مدھوبالا کا کردار ادا کرنے کے لیے تیاری بھی شروع کر دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مدھوبالا کی سوانح عمری کی شوٹنگ ممبئی کے رائل پامس اور گوریگاؤں میں شروع ہونے کی توقع ہے، جہاں اس وقت بھنسالی کی فلم لَو اینڈ وار کی شوٹنگ جاری ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ لَو اینڈ وار کے لیے استعمال ہونے والی اسی لوکیشن کو مبینہ طور پر مدھوبالا بایوپک کے لیے تبدیل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق اگست کے آخر میں لَو اینڈ وار کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد مدھوبالا بایوپک کی پروڈکشن ڈیزائن ٹیم اس جگہ کو تبدیل کرنے کا کام شروع کرے گی۔ فلم کی شوٹنگ ستمبر میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ اگرچہ سنجے لیلا بھنسالی اس منصوبے سے وابستہ ہیں، لیکن جسمیت کے رین فلم کی ہدایت کاری کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
ادھر مدھوبالا کا کردار ادا کرنا سارا ارجن کے لیے ایک بڑا موقع ہوگا، کیونکہ فلم بھارتی سنیما کی تاریخ کی سب سے خوبصورت اور مقبول اداکارہ کی زندگی اور شخصیت پر مبنی ہوگی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کردار کی تیاری پہلے ہی شروع ہو چکی ہے۔ فلم کی ٹیم خاص طور پر مدھوبالا کی شخصیت، انداز گفتگو اور اس دور کو دوبارہ تخلیق کرنے پر توجہ دے رہی ہے جس میں لیجنڈری اداکارہ نے وقت گزارہ تھا۔
فلم کے اسکرین پلے اور دیگر ممکنہ اداکاروں کے بارے میں فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ مدھوبالا بھارتی سنیما کی سب سے زیادہ قابل احترام اور عہد ساز اداکارہ تھیں۔
صرف 36 سال کی عمر میں دنیا چھوڑ جانیوالی مدھوبالا کا کیریئر 1942 سے 1964 تک جاری رہا۔ انہوں نے مغل اعظم، چلتی کا نام گاڑی، مسٹر اینڈ مسز 55 اور برسات کی رات سمیت کئی ہٹ فلموں میں کام کیا۔
فلم مغل اعظم میں انارکلی کا ان کا کردار آج بھی بھارتی سنیما کی تاریخ کی سب سے یادگار پرفارمنسز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انکا 1969 میں انتقال ہوگیا۔



