امریکا میں منشیات اسمگلنگ کی 2000 فٹ لمبی خفیہ سرنگ سے کروڑوں ڈالر کی کوکین برآمد

سان ڈیاگو(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی حکام نے میکسیکو اور امریکا کے درمیان منشیات اسمگلنگ کے ایک جدید اور منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک طویل زیرِ زمین سرنگ دریافت کر لی، جس کے ذریعے کروڑوں ڈالر مالیت کی کوکین سرحد پار منتقل کی جا رہی تھی۔

امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق یہ سرنگ تقریباً 2 ہزار فٹ طویل تھی اور میکسیکو کے شہر Tijuana کو امریکی شہر San Diego سے جوڑتی تھی۔ سرنگ کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا تھا، جس میں بجلی، ہوا کی نکاسی کا نظام، مضبوط دیواریں اور ریل کی پٹریاں بھی شامل تھیں۔

حکام کے مطابق کئی ماہ تک جاری رہنے والی خفیہ تحقیقات کے دوران سرحدی علاقے اوٹائے میسا کے قریب ایک گودام کو نگرانی میں رکھا گیا، جو بظاہر "Buy 4 Less” نامی دکان کے طور پر استعمال ہو رہا تھا۔ تحقیقات کے دوران مشکوک سرگرمیوں اور افراد کی غیر معمولی نقل و حرکت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائی پر مجبور کیا۔

29 مئی کو حکام نے ایک وین میں بھاری سامان منتقل ہوتے دیکھ کر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مختلف گاڑیوں سے 2,269 پاؤنڈ سے زائد کوکین برآمد کی گئی۔ بعد ازاں گودام کی تلاشی کے دوران فرش کے نیچے چھپے سرنگ کے داخلی راستے کا بھی پتا چل گیا۔

حکام کے مطابق سرنگ زمین کے اندر تقریباً 55 فٹ گہرائی تک جاتی تھی اور امریکی سرحد کے اندر تقریباً ایک ہزار فٹ جبکہ میکسیکو کی جانب 800 فٹ سے زائد تک پھیلی ہوئی تھی۔

اس کیس میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن پر منشیات اسمگلنگ اور غیر قانونی سرنگ کی تعمیر کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو عمر قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

تحقیقاتی اداروں کے مطابق یہ نیٹ ورک ممکنہ طور پر Jalisco New Generation Cartel سے منسلک ہے، اور اس سرنگ کی دریافت بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button