سندھ حکومت کاپیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس کو سیف سٹی سے منسلک کرنے کا فیصلہ

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے شہری سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئےایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پیپلز بس سروس اور ای وی ٹیکسی سروس کے ان ڈور اور آؤٹ ڈور کیمروں کو سیف سٹی نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کو سیف سٹی پروجیکٹ کے ساتھ جوڑنے سے نہ صرف عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام محفوظ ہوگا بلکہ شہری علاقوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ بھی جدید خطوط پر استوار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کیمروں کے انضمام کے بعد کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں سیکیورٹی مانیٹرنگ، ٹریفک کنٹرول اور عوامی تحفظ کے اقدامات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومت سندھ دسمبر میں جدید ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو سستی، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس حوالے سے کراچی میں سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے سینئر وزیر سے ملاقات کی، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر کنول نظام بھٹو اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔ نجی سرمایہ کاروں نے ای وی ٹیکسی منصوبے کے ڈھانچے، چارجنگ اسٹیشنز کے قیام اور آپریٹنگ ماڈلز سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں جدید سفری نظام کی اشد ضرورت ہے، اسی لیے حکومت چاہتی ہے کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس شروع کر دی جائے تاکہ شہریوں کو روایتی ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں بہتر اور جدید متبادل فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ای وی ٹیکسی سروس کم کرایوں میں آرام دہ اور محفوظ سفر کی سہولت دے گی جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے یہ منصوبہ ایک پرکشش موقع ثابت ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں سروس کراچی میں شروع کی جائے گی اور بعد ازاں اسے دیگر بڑے شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button