پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا،یونین کمیٹیوں کے فنڈز 5 سے بڑھا کر 12 لاکھ کیے،سعید غنی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیرمحنت سندھ سعید غنی نے کراچی کے علاقے کورنگی میں شہید بے نظیر بھٹو کرکٹ گراؤنڈ، ماڈل پارک اور سڑک کا افتتاح کردیا۔

سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے کراچی میں میگا پراجیکٹس سمیت شہریوں کی سہولت کے لئے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کورنگی میں ہونے والی تقریب میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی اور کورنگی ٹاؤن کے چیئرمین نعیم شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب میں سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی اداروں کو مضبوط کیا، یونین کمیٹیوں کو ملنے والی رقم 5 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ روپے کی گئی ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کورنگی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں پارکس اور سڑکوں کے منصوبے جاری ہیں، کراچی میں کلک کے تحت 132 بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی توجہ کراچی کی ترقی پر ہے، شہر میں ترقیاتی کاموں کے بعد عوام نے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔

اس موقع پر خطاب میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ سندھ حکومت نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان کو بحال کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے کورنگی میں 3 فلائی اوورز، سڑکیں اور درجنوں پارکس بنائے ہیں جبکہ ماضی میں ان علاقوں سے منتخب ہونے والوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔

مزید خبریں

Back to top button