روسی بیلسٹک میزائلوں سے کیف پر شدید حملے، متعدد علاقوں میں ہنگامی صورتحال

کیف(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے متعدد حملے کیے، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی۔
کیف کی فوجی انتظامیہ کے مطابق حملوں کے نتیجے میں دو اضلاع میں واقع گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی، جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مزید میزائل حملوں کا خطرہ بدستور برقرار ہے۔
حکام کے مطابق شہر کے شمالی مضافاتی علاقے میں ایک میزائل گرنے کے فوراً بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ اس دوران یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے آنے والے میزائلوں کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے جوابی کارروائی بھی کی۔
یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے کم از کم دو مختلف سمتوں سے بیلسٹک میزائل داغے، جن کا ہدف تقریباً 30 لاکھ آبادی والا دارالحکومت کیف تھا۔ حملوں سے ہونے والے ممکنہ جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ صورتحال پر حکام کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔



