روس نے ایران کو جدید اینٹی جیمنگ ڈرونز دینے کی پیشکش کی، برطانوی میڈیا

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک برطانوی جریدے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روس نے ایران کو ایسے جدید ڈرونز فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی جنہیں الیکٹرانک جیمنگ کے ذریعے ناکارہ بنانا انتہائی مشکل ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ ڈرونز آپٹک فائبر ٹیکنالوجی کے ذریعے کنٹرول کیے جاتے ہیں، جس کے باعث روایتی الیکٹرانک مداخلت ان پر اثر انداز نہیں ہو پاتی۔

جریدے کا کہنا ہے کہ ان ڈرونز کو خلیج فارس سمیت مختلف علاقوں میں امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف استعمال کیا جا سکتا تھا، جبکہ مبینہ منصوبے میں روسی انٹیلی جنس ادارے جی آر یو کی جانب سے ایران کو پانچ ہزار شارٹ رینج ڈرونز فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔

رپورٹ کے مطابق طویل فاصلے تک کارروائی کیلئے سیٹلائٹ گائیڈڈ سسٹمز کی پیشکش بھی کی گئی تھی، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پیشکش کب کی گئی یا ایران نے اسے قبول کیا یا نہیں۔

جریدے کے مطابق روس یوکرین جنگ میں اسی نوعیت کی ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کر چکا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ ماسکو ماضی میں خطے میں امریکی مفادات کے خلاف ایران کو انٹیلی جنس معاونت فراہم کرتا رہا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں

Back to top button