صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ماہِ صفر المظفر 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی روشنی میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 15 جولائی کی شام صفر المظفر کا چاند نظر آنے کا واضح امکان ہے، جس کے مطابق پاکستان میں یکم صفر 1448 ہجری 16 جولائی کو ہونے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 14 جولائی کو دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر ہوئی، جبکہ 15 جولائی کی شام چاند کی رویت کے لیے فلکیاتی حالات انتہائی سازگار ہوں گے۔

ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف رہنے کا امکان ہے، جس سے چاند دیکھنے میں آسانی ہوگی۔ کراچی میں غروبِ آفتاب کے بعد چاند تقریباً 64 منٹ تک افق پر موجود رہے گا اور رات 8 بج کر 28 منٹ تک اس کی رویت ممکن ہوگی۔

اب حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے موصول ہونے والی شرعی شہادتوں کے بعد کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button