لاہور:گڑھی شاہو میں گھر کی چھت گر گئی، میاں بیوی اور کمسن بیٹی جاں بحق


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) صوبائی دارالحکومت کے علاقے گڑھی شاہو کی ریلوے کالونی میں گھر کی چھت اچانک گرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک بچی زخمی ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق متاثرہ گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے تعمیر کی گئی تھی، جو اچانک منہدم ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے تلے دبے چاروں افراد کو نکال لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ مبین، ان کی 40 سالہ اہلیہ اور 11 سالہ بیٹی فاطمہ شامل ہیں۔
حادثے میں 14 سالہ ایمل زخمی ہوئی، جسے فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔