لاہور میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق،ریسکیو آپریشن جاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے کاہنہ نو میں ٹیوشن پڑھنے کے دوران گھر کی چھت گرنے سے متعدد بچے دب گئے، ملبے سے 20 بچوں کو نکالا گیا، 14 جاں بحق ہوگئے چھ کی حالت خطرے سے باہر ہے، ملبے میں مزید 10 سے 15 بچوں کی موجودگی کا خدشہ ہے۔
تفصیلات مطابق کاہنہ نو کے دیہاتی علاقے بستی عید گاہ میں گھر میں کسی نے ٹیوشن سینٹر کھولا ہوا تھا، جہاں روزانہ 35 کے قریب بچے پڑھنے آتے تھے، اس گھر کی دھماکے سے چھت گرگئی جو کہ ٹی آر گارڈر کی بنی ہوئی تھی۔ محلے داروں نے فوری طور پر امدادی اداروں کو فون کیا، پولیس اور امدادی ادارے پہنچ گئے، ساتھ اہل محلہ بھی ہیں، فوری طور پر کئی بچوں کو نکال لیا گیا جبکہ بقیہ کی تلاش جاری ہے۔
بچوں کی سانسیں بند ہورہی تھیں امدادی کارکنان نے فوری طور پر بچوں کے منہ اور ناک سے مٹی نکالی تاکہ سانسیں بحال ہوسکیں اور انہیں اسپتال روانہ کردیا۔ نکالے گئے کئی بچوں کی حالت نازک ہے، کئی زخمی ہیں، نکالے گئے کئی بچوں کی نبض بھی نہیں چل رہی تھی اس لیے ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ گھر کی چھت پر مٹی کی بھی بڑی مقدار موجود تھی، چھت گرنے پر بچے مٹی میں دب گئے۔ امدادی ادارے کے مطابق آپریشن ابھی جاری ہے فوری طور پر بچوں کی تعداد کا تعین نہیں ہوسکا، تاحال 20 بچے نکال لیے ہیں، ان کی مجموعی تعداد بیس سے پچیس کے درمیان ہوسکتی ہے جب کہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں 35 بچے ٹیوشن پڑھنے آتے تھے۔ امدادی ادارے اوزاروں کے بجائے ہاتھوں سے مٹی ہٹانے کو ترجیح دے رہے ہیں تاکہ پھنسے بچوں کو نقصان نہ پہنچے، آپریشن مکمل ہونے میں مزید ڈھائی سے تین گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ ایم ایس ٹی ایچ کیو کاہنہ نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے اور کئی زخمی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button