تھائی لینڈ میں11سالہ لڑکے کا بے قابو ٹرک بدھ راہبوں کے جلوس پر چڑھ دوڑا، 9 ہلاک

مکداہان(جانوڈاٹ پی کے)تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے مکداہان میں جس جلوس کو تیز رفتار ٹرک نے روند ڈالا تھا اس میں کم از کم 34 بدھ راہب اور 5 عام پیروکار پیدال یاترا کرتے ہوئے پڑوسی صوبے کے ایک مندر جا رہے تھے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صبح تقریباً 11 بجے کے قریب ایک تیز رفتار پک اپ ٹرک اچانک سڑک پر نمودار ہوا اور بے قابو ہوکر سڑک کنارے پیدال یاترا کرنے والے جلوس پر چڑھ دوڑا۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ11 سالہ لڑکے نے اپنے والدین کی اجازت کے بغیر ان کا پک اپ ٹرک لیا اور تقریباً 10 کلومیٹر تک گاڑی چلانے کے بعد اس سے کنٹرول کھو بیٹھا جس کے نتیجے میں ٹرک سیدھا راہبوں جلوس میں جا گھسا۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نارنجی لباس پہنے بدھ راہب سڑک کنارے اپنے مذہبی ترانے گاتے ہوئے جلوس کی صورت میں پیدل جا رہے تھے کہ تیز رفتار پک اپ ٹرک نے روند ڈالا۔
افسوسناک واقعے میں 5 راہب موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 3 زخمی راہب اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے۔ بعد ازاں ایک اور راہب کی موت کی بھی تصدیق ہوگئی جبکہ 3 کی حالت تشویشناک ہے۔
صوبائی پولیس سربراہ میجر جنرل پائروج تھائی پھوترا نے بتایا کہ ابھی تک لڑکے کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا کیونکہ حادثے کی مکمل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ان کے بقول لڑکا شدید ذہنی صدمے میں ہے اور پولیس ابھی تک اس کا بیان ریکارڈ نہیں کر سکی۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے سامنے آنے والی تصاویر میں زخمی افراد کو سڑک پر پڑا دیکھا گیا جبکہ راہبوں کا سامان بھی دور دور تک بکھرا ہوا تھا۔
تھائی لینڈ میں بدھ مت کے ماننے والوں کی تعداد 93 فیصد سے زائد ہے اور بدھ راہب معاشرے میں انتہائی قابلِ احترام سمجھے جاتے ہیں۔ وہ اکثر مذہبی جلوس نکالتے ہیں اور عوام ان کی خدمت اور خیرات کو مذہبی فریضہ سمجھتے ہیں۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ٹریفک حادثات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق تیز رفتاری، نشے کی حالت میں ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین پر کمزور عمل درآمد ایسے حادثات کی بڑی وجوہات ہیں۔



