سعودی عرب میں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب میں رواں سال نومبر میں ہونے والے چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز ملتوی کردیے گئے ہیں۔
اولمپک کونسل آف ایشیا اور مقامی انتظامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ اب یہ مقابلے 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک ریاض میں منعقد ہوں گے۔مشترکہ اعلامیے کے مطابق نئی تاریخوں کا تعین انتظامی اور لاجسٹک امور کا جائزہ لینے کے بعد قومی اولمپک کمیٹیوں، متعلقہ اداروں اور شراکت داروں سے مشاورت کے نتیجے میں کیا گیا ہے۔
نئی تاریخوں کا مقصد کھیلوں کے کیلنڈر اور انتظامی معاملات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ اہل قومی اولمپک کمیٹیوں کی شرکت یقینی بنانا ہے۔
منتظمین کے مطابق مقابلوں کی تیاریاں طے شدہ منصوبے کے مطابق جاری ہیں اور ان میں 4500 سےزیادہ کھلاڑیوں کی شرکت متوقع ہے۔ تاریخوں میں تبدیلی کے باوجود کھیلوں کا نام ’ریاض 2026‘ برقرار رہے گا۔
یہ ایونٹ اولمپک کونسل آف ایشیا کے زیرِ اہتمام سعودی عرب میں منعقد ہونے والا پہلا مختلف النوع کھیلوں کا مقابلہ ہوگا۔
منتظمین کو توقع ہے کہ اس سے سعودی وژن 2030 کے اہداف کو آگے بڑھانے، کھیلوں میں عوامی شرکت بڑھانے، نئے ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور سعودی عرب کو بڑے عالمی کھیلوں کے مقابلوں کے اہم مرکز کے طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔



