عمران خان سے جمعرات تک ملاقات نہیں ہوگی، پی ٹی آئی 20 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ پورا کرکے دکھائے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے عمران خان سے ملاقات اور پی ٹی آئی کے احتجاج سے متعلق بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوگی، جبکہ پی ٹی آئی اگر اسلام آباد میں 20 لاکھ افراد لانے کا دعویٰ کر رہی ہے تو پہلے اسے اپنے دعوے کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو جمع کرنے کا انتظام کرنا چاہیے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں 20 لاکھ افراد لانے کی بات کی جا رہی ہے، اب دیکھنا ہوگا کہ پارٹی واقعی اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو دارالحکومت لانے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر 10 یا 20 ہزار افراد کم بھی ہوں تو کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پی ٹی آئی کو پہلے اپنے اعلان کردہ ہدف کے مطابق 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

وفاقی مشیر نے پی ٹی آئی کے احتجاجی لائحہ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ پارٹی ایک بار پھر مشکل صورتحال سے دوچار ہوگی اور جب وہ اپنے اعلان کردہ ہدف کو حاصل نہیں کر سکے گی تو احتجاج ناکام ہوجائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی وجوہات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا موجودہ طرزِ عمل بھی ملاقات نہ ہونے کی وجوہات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو دھمکیوں اور غصے کے بجائے مناسب قانونی طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دھمکیوں اور اشتعال انگیز رویے سے مطلوبہ مقصد حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ اگر پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور دیگر مطالبات کے لیے قانونی راستہ اختیار کرے تو معاملات کو بہتر انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button