آزادکشمیر کےعوام مسائل کاحل چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں،رانا ثناکامشورہ

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے)مظفرآبادمیں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان اور وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے تھکیال فتح پور اور کھائی رٹہ میں انتخابی مہم کے دوران بڑے شمولیتی جلسوں سے خطاب کیا۔اس موقع پر مقامی برادریوں اور عمائدین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی پرچموں والے اسکارف پہنائے۔
رانا ثناء اللہ اور انجینئر امیر مقام نے ایل اے 13 کھائی رٹہ اور ایل اے 9 تھکیال فتح پور کے انتخابی حلقوں کا بھی دورہ کیا، جہاں کارکنوں نے بڑی ریلیوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں اور عوام نے گل پاشی کی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے۔جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اگر اپنے مسائل کا حل اور وعدوں کی تکمیل چاہتے ہیں تو شیر پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کا بجٹ دوگنا کیا تھا، اب اسے دس گنا کریں گے۔



