خیرپورناتھن شاہ میں وفاناتھن شاہی پبلک لائبریری کو فعال کرنے کےلئے ریلی

خیرپور/ناتھن شاہ(رپورٹ:عابد ببر/جانوڈاٹ پی کے)خیرپورناتھن شاہ میں وفا ناتھن شاہی پبلک لائبریری کو فعال کرنے کے مطالبے پر شہریوں، طلبہ اور اساتذہ نے موٹر سائیکل آگاہی ریلی نکالی۔ شرکاء نے لائبریری کو فوری طور پر عوام کے لیے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی تحریک تیز کرنے کا اعلان کیا۔
خیرپور ناتھن شاہ میں وفا ناتھن شاہی پبلک لائبریری کی فعالیت کے لیے ہوری اسٹاپ سے پبلک لائبریری تک موٹر سائیکل آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں طلبہ، اساتذہ، سماجی کارکنوں اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ لائبریری کی عمارت مکمل اور تیار ہونے کے باوجود اسے تاحال عوام اور طلبہ کے لیے نہیں کھولا گیا، جو ایک تشویشناک امر ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ لائبریری کو فوری طور پر فعال کرکے علمی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عوام کے حوالے کیا جائے۔
ریلی کے شرکاء نے کہا کہ ایک فعال پبلک لائبریری نوجوان نسل کے روشن مستقبل، مطالعے کے فروغ اور تعلیمی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور لائبریری کا جلد افتتاح کرنے کا مطالبہ کیا۔
شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر لائبریری کو جلد فعال نہ کیا گیا تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔



