کتے یا کسی جانور کے کاٹنے کے اثرات سے کیسے بچا جائے؟

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)ریبیز ایک انتہائی خطرناک اور جان لیوا بیماری ہے جو عام طور پر متاثرہ کتے سگ گزیدگی یا دیگر جانوروں کے کاٹنے یا نوچنے سے انسانوں میں منتقل ہوسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر ریبیز کی علامات ظاہر ہونے سے پہلے مناسب علاج نہ کروایا جائے تو یہ بیماری تقریباً ہمیشہ مہلک ثابت ہوتی ہے محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کتے کے کاٹنے یا نوچنے کی صورت میں متاثرہ شخص کو فوری طور پر زخم کو کم از کم 20 منٹ تک صابن اور بہتے ہوئے صاف پانی سے اچھی طرح دھونا چاہیے، جس سے وائرس کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے بعد بلا تاخیر قریبی صحت مرکز یا اینٹی ریبیز ویکسین (ARV) یونٹ سے رابطہ کرکے طبی امداد حاصل کرنا ضروری ہے حکومت سندھ نے ریبیز کی روک تھام کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں 278 اینٹی ریبیز ویکسین یونٹس اور 112 ریفرل سینٹرز قائم کیے ہیں، جہاں متاثرہ افراد کو مفت اینٹی ریبیز ویکسین اے آر وی اور ضرورت کے مطابق ریبیز امیونوگلوبیولن آر آئی جی فراہم کی جاتی ہے ماہرین صحت نے والدین اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بچوں کو آوارہ اور جارح مزاج جانوروں سے دور رکھیں اور کسی بھی جانور کے کاٹنے یا نوچنے کو معمولی نہ سمجھیں۔ فوری طبی امداد اور حفاظتی ویکسین ہی ریبیز جیسی جان لیوا بیماری سے بچاؤ کا مؤثر ذریعہ ہیں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سگ گزیدگی یا ریبیز سے متعلق مزید معلومات کے لیے قریبی سرکاری ہسپتال یا علاج مرکز پر رابطہ کریں

مزید خبریں

Back to top button