پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع نہیں ہوگی، سکول 24 اگست سے کھلیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکول 24 اگست سے معمول کے مطابق کھول دیے جائیں گے۔
سیکرٹری سکولز مدثر ریاض نے واضح کیا ہے کہ پنجاب میں سکولوں کی دوبارہ اوپننگ 24 اگست کو ہی ہوگی اور تعطیلات میں توسیع سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ سکولوں کی چھٹیوں میں مزید اضافے سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر توجہ نہ دیں اور 24 اگست سے سکول کھلنے کے لیے بچوں کی تیاری مکمل رکھیں۔
دوسری جانب محکمہ سکول ایجوکیشن نے موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سکولوں کی دوبارہ اوپننگ سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
محکمہ تعلیم نے سرکاری و نجی سکولوں میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سکولوں کی عمارتوں، چھتوں، واٹر ٹینکس اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کے مطابق سکولوں میں طلبہ کی واپسی سے قبل سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات بھی مکمل کیے جائیں تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز محفوظ اور بہتر ماحول میں یقینی بنایا جا سکے۔



