پنجاب میں نجی اسکولوں کے لیے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار، نئی پالیسی نافذ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کاہنہ اور باغبانپورہ میں پیش آنے والے حادثات کے بعد پنجاب حکومت نے نجی تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بلڈنگ فٹنس سے متعلق نیا طریقۂ کار نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت اب اسکولوں کی رجسٹریشن کو عمارت کے حفاظتی معیار سے مشروط کر دیا گیا ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) کی جانب سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس کے اجرا میں مشکلات کے باعث حکومت نے پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ تمام نجی اسکول پاکستان انجینئرنگ کونسل (PEC) کے رجسٹرڈ سول انجینئر یا رجسٹرڈ انجینئرنگ فرم سے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔

اس حوالے سے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ایجوکیشن) کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے نئی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی نجی اسکول کی رجسٹریشن مکمل نہیں کی جائے گی۔

حکومت نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں کی حفاظت سے متعلق تمام قانونی تقاضے پورے کریں اور مقررہ حفاظتی ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button